مندرجات کا رخ کریں

مخدوم محمد ہاشم ٹھٹوی

آزاد دائرۃ المعارف، ویکیپیڈیا سے

شیخ الاسلام
مخدوم محمد ہاشم ٹھٹوی
مخدوم محمد ہاشم ٹھٹوی کا عربی زبان میں خطاطی نام
معروفیتمحدث، فقیہ
پیدائشبدھ 10 ربیع الاول، 1104ھ/ 19 نومبر 1692ء
میر پور بٹھورو، ٹھٹہ، سندھ (موجودہ پاکستان)
وفاتبدھ 6 رجب 1174ھ بمطابق 11 فروری، 1761ء
(مدت حیات: 70 سال 3 ماہ 26 دن قمری، 68 سال 2 ماہ 23 دن شمسی)
ٹھٹہ، سندھ، (موجودہ پاکستان)
مدفنمکلی قبرستان، ضلع ٹھٹہ، سندھ (موجودہ پاکستان)
نسلسندھی
عہدمغل دور
شعبۂ زندگیسندھ
مذہباسلام
فقہحنفی
مکتب فکرقادری
شعبۂ عملفقہ، قرآن، تفسیر، حدیث
کارہائے نماياںمدح نامہ سندھ
تفسیر ہاشمی
التحفة المرغوبة في أفضلية الدعاء بعد المكتوبة
بذل القوة في حوادث سني النبوة
وسیلۃ القبول في حضرت رسول
مظھر الانوار
بیاض ھاشمی
جنة النعيم في فضائل القرآن الكريم
مؤثر
  • مخدوم ابو القاسم نقشبندی ٹھٹوی
    سید سعد اللہ شاہ قادری سلونی سورتی
    مخدوم ضیاء الدین ٹھٹوی
    مخدوم عبد الغفور ٹھٹوی
    مخدوم محمد سعید ٹھٹوی
    مخدوم رحمت اللہ ٹھٹوی
    شیخ عبد القادر حنفی صدیقی مکی
    شیخ عبد بن علی مصری
    شیخ ابو طاہر محمد مدنی
    شیخ علی بن عبد المالک دراوی
متاثر
  • مخدوم ابو الحسن صغیر ٹھٹوی مدنی
    مخدوم عبد الرحمان ٹھٹوی
    مخدوم عبد اللطیف ٹھٹوی
    شاہ فقیر اللہ علوی شکارپوری
    مخدوم عبد الخالق ٹھٹوی
    سید صالح محمد شاہ جیلانی گھوٹکی والے
    مخدوم نور محمد نصرپوری

شیخ الاسلام مخدوم محمد ہاشم ٹھٹوی (پیدائش: 19 نومبر 1692ء — وفات: 11 فروری 1761ء) اٹھارہویں صدی عیسوی میں سندھ کے علم و ادب کے حوالے سے بین الاقوامی شہرت یافتہ عظیم محدث، یگانۂ روزگار فقیہ محدث، مفسر، سیرت نگار اور قادر الکلام شاعر تھے۔ ان کی تصانیف و تالیفات عربی، فارسی اور سندھی زبانوں میں ہیں۔ انھوں نے قرآن، تفسیر، سیرت، حدیث، فقہ، قواعد، عقائد، ارکان اسلام یعنی نماز، روزہ، حج، زکوٰۃ سمیت کئی اسلامی موضوعات پر کتب تحریر و تالیف کیں، کتب کی تعداد بعض محققین کے اندازے کے مطابق 300 ہے اور بعض کے مطابق 150 سے زیادہ ہے۔ ان کی گراں قدر تصانیف مصر کی جامعہ الازہر کے نصاب میں شامل ہیں۔ کلہوڑا دور کے حاکمِ سندھ میاں غلام شاہ کلہوڑا نے انھیں ٹھٹہ کا قاضی القضاۃ (چیف جسٹس) مقرر کیا۔ انھوں نے بدعات اور غیر شرعی رسومات کے خاتمے کے لیے حاکم وقت سے حکم نامے جارے کرائے۔ ان کی وعظ، تقریروں اور درس و تدریس متاثر ہو کر بہت سے لوگ مسلمان ہوئے۔[1] ان کے مخطوطات کی بڑی تعداد بھارت، سعودی عرب، ترکی، پاکستان، برطانیہ اور یورپ کے بہت سے ممالک کے کتب خانوں میں موجود ہیں۔ پاکستان خصوصاً سندھ اور بیرونِ پاکستان میں ان کی کتب کے مخطوطات کی دریافت کا سلسلہ اب تک جاری ہے۔

پیدائش

مخدوم محمد ہاشم ٹھٹوی بروز بدھ 10 ربیع الاول 1104ھ [2] (بمطابق 19 نومبر، 1692ء) کو میر پور بٹھورو، ٹھٹہ، سندھ (موجودہ پاکستان) میں مخدوم عبد الغفور ٹھٹوی کے گھر میں پیدا ہوئے۔[3][4][5][6]

خاندانی پس منظر

مخدوم محمد ہاشم کے والد مخدوم عبد الغفور ٹھٹوی، جو خود بھی ایک عالم تھے، پہلے سیہون میں رہائش پزیر تھے۔ بعد ازاں گردشِ زمانہ کی وجہ سے ٹھٹہ کے علاقے میر پور بٹھورو میں آباد ہو گئے۔ مخدوم محمد ہاشم ذات کے پنہور تھے اور ان کا نسب عرب قبیلے بنو حارث یعنی حارث بن عبد المطلب سے جا ملتا ہے[7] ۔ اس قبیلے کے کچھ افراد جہاد کی غرض سے محمد بن قاسم کے ساتھ پہلی صدی ہجری میں سندھ آئے تھے اور ان میں سے کچھ افراد نے تبلیغِ اسلام کو فروغ دینے کے لیے یہیں سکونت اختیار کرلی تھی۔ انھیں سے مخدوم محمد ہاشم کے آبائے کرام کا نسب جا ملتا ہے۔[6]

تعلیم

مخدوم محمد ہاشم ٹھٹوی کا تعلق علمی گھرانے سے تھا۔ انھوں نے ابتدائی تعلیم اپنے والد مخدوم عبد الغفور ٹھٹوی سے حاصل کی۔ یہیں حفظِ قرآن مکمل کیا اور فارسی، صرف و نحو، فقہ کی تعلیم بھی اپنے والد سے حاصل کی۔ اس کے بعد مزید تعلیم کے ٹھٹہ شہر کا رخ کیا جو اس وقت علم و ادب کے حوالے سے تمام دنیا میں مشہور تھا۔ یہاں انھوں نے مخدوم محمد سعید ٹھٹوی سے عربی کی تعلیم حاصل کی۔ پھر مخدوم ضیاء الدین ٹھٹوی سے علم حدیث کی تعلیم حاصل کی اور یوں صرف 9 برس کی عمر میں فارسی اور عربی علوم کے مطالعوں کی تکمیل کی۔ اسی دوران میں 1113ھ / 1702ء میں مخدوم ہاشم کے والد بزرگوار مخدوم عبد الغفورٹھٹوی وفات پاگئے۔ مخدوم ہاشم کو 1135ھ / 1722ء میں حجازِ مقدس کے سفر کے دوران میں تحصیلِ علم کا موقع ملا اور انھوں نے حج کی سعادت حاصل کرنے کے علاوہ مکہ اور مدینہ منورہ کے مشہور علما اور محدثین سے علم حدیث، فقہ، عقائد اور تفسیر کا علم حاصل کیا اور سندیں حاصل کیں[8] ۔ مخدوم ہاشم کے سندھ کے مشہور اساتذہ میں ان کے والد مخدوم عبد الغفور ٹھٹوی، مخدوم محمد سعید ٹھٹوی، مخدوم ضیاء الدین ٹھٹوی، مخدوم رحمت اللہ ٹھٹوی اور مخدوم محمد معین ٹھٹوی کے نام سرِ فہرست ہیں[9] ۔ اس کے علاوہ مخدوم ہاشم نے سفر حرمین کے دوران میں جن اساتذہ کرام سے علم حاصل کیا ان میں شیخ عبد القادر حنفی صدیقی مکی (متوفی 1138ھ / 1726ء)، شیخ عبد بن علی مصری (متوفی 1140ھ / 1728ء)، شیخ ابو طاہر محمد مدنی (متوفی 1145ھ / 1733ء) اور شیخ علی بن عبد المالک دراوی (متوفی 1145ھ / 1733ء) شامل تھے۔[10]

درس و تدریس

دار العلوم ہاشمیہ کا قیام

مخدوم محمد ہاشم ٹھٹوی نے تحصیلِ علم کے بعد بٹھورو کے نزدیکی گاؤں بہرام پور میں سکونت اختیار کی اور وہاں کے لوگوں کو دین اسلام کی اشاعت، ترویج کے لیے وعظ اور تقریرروں کا سلسلہ شروع کیا مگر وہاں کے لوگوں کو مخدوم ہاشم کے وعظ و تقریروں کی اہمیت کا اندازہ نہ ہوا، اسی لیے مخدوم صاحب دل برداشتہ ہو کر بہرام پور سے ٹھٹہ شہر میں آ گئے اور یہاں اگر محلہ میں جامع خسرو (دابگراں والی مسجد) کے قریب دار العلوم ہاشمیہ کے نام سے مدرسے کا بنیاد رکھا، جہاں انھوں نے حسب خواہش دین اسلام کی اشاعت و ترویج، تصنیف و تالیف اور درس و تدریس کا سلسلہ جاری رکھا۔[11]

ہاشمی مسجد

ہاشمی مسجد مخدوم محمد ہاشم کے محلہ میں واقع تھی۔ اسی مسجد میں مخدوم صاحب نے اپنی بہت سی لازوال تصانیف مکمل کیں۔ اسی مسجد سے انھوں نے دین اسلام کے فروغ اور استقامت کے لیے سندھ کے حکمرانوں کے نام خطوط لکھے۔ اسی مسجد میں انھوں نے فقہی مسائل پر فتاویٰ جاری کیں۔ مخدوم صاحب کا دستور تھا کہ وہ دن کے تیسرے پہر درسِ حدیث دیتے تھے۔ مخدوم صاحب کے بعد ان کے فرزند مخدوم عبد اللطیف ان کی مسند پر جلوہ افروز ہوئے اور درس و تدریس کے ساتھ وعظ کا سلسلہ بھی جاری رکھا۔ یہ مسجد تالپوروں کے عہد تک قائم رہی۔[12]

جامع خسرو

جامع خسرو کو دابگراں والی مسجد بھی کہا جاتا تھا کیوں کہ یہ مسجد دابگراں کے محلہ میں واقع تھی۔ یہ دوسری مسجد ہے، جس میں مخدوم محمد ہاشم ہر جمعہ کی صبح وعظ کیا کرتے تھے۔ مخدوم صاحب کے بعد ان کے فرزند مخدوم عبد اللطیف ٹھٹوی نے اپنے والد بزرگوار کے طریقہ کار کو جاری رکھا۔ اب نہ یہ محلہ موجود ہے اور نہ مکین، اس لیے یہ مسجد زبوں حالی کا شکار ہو گئی ہے۔[13]

شاگرد

  • سید شہمیر شاہ (مٹیاری والے) (متوفی 1177ھ / 1763ء)
  • مخدوم مئیڈنہ نصرپوری
  • مخدوم ابو الحسن صغیر ٹھٹوی مدنی (متوفی 1187ھ / 1773ء)
  • مخدوم عبد الرحمان ٹھٹوی (متوفی 1181ھ / 1768ء، مخدوم ہاشم کے بڑے فرزند)
  • مخدوم عبد اللطیف ٹھٹوی (متوفی 17 ذوالقعدہ 1189ھ، مخدوم ہاشم کے چھوٹے فرزند، 1187ھ میں والیٔ سندھ میاں سرفراز کلہوڑا کے دور میں قاضی مقرر ہوئے)
  • مخدوم نور محمد نصرپوری (والیٔ سندھ میاں غلام شاہ کلہوڑا کے لشکر میں قضا کے عہدے پر بھی مقرر ہوئے)
  • شاہ فقیر اللہ علوی شکارپوری (متوفی 3 صفر 1195ھ / 29 جنوری 1781ء)
  • مخدوم عبد الخالق ٹھٹوی
  • مخدوم عبد اللہ مندھرو (متوفی اندازہً 1238ھ / 1821ء)
  • سید صالح محمد شاہ جیلانی گھوٹکی والے (متوفی 11 شوال 1182ھ / 18 فروری 1769ء)
  • شیخ الاسلام مراد سیہوانی
  • عزت اللہ کیریو
  • حافظ آدم طالب ٹھٹوی
  • نور محمد خستہ ٹکھڑائی

منصبِ قضا

مخدوم محمد ہاشم نے ٹھٹہ میں رائج بدعات اور غیر اسلامی رسومات کو بند کرانے کے لیے حاکمِ سندھ میاں غلام شاہ کلہوڑا سے ایک حکم نامہ جاری کرایا تھا۔ اس حکم نامہ کے اجرا کے بعد ٹھٹہ سے بری رسومات، بدعات، عورتوں کا قبروں پر جانا وغیرہ کا کسی حد تک خاتمہ ہو گیا۔ کچھ لوگوں نے میاں غلام شاہ کلہوڑا کو مخدوم صاحب کے خلاف ورغلانے کی کوشش کی لیکن اس کا نتیجہ ان سازشی لوگوں کے خلاف نکلا اور میاں غلام شاہ نے مخدوم صاحب کو ٹھٹہ کا قاضی القضاۃ (چیف جسٹس) کے عہدے پر فائز کر کے ہمیشہ کے لیے مخالفین کی طاقت کو ختم کر دیا۔[14]

سیر و سفر

بٹھورو سے ٹھٹہ

مخدوم محمد ہاشم ٹھٹوی کا پہلا سفر کم سنی میں بٹھورو سے ٹھٹہ بسلسلہ حصول تعلیم تھا۔[15]

سفرِ حرمین

دوسرا اور اہم سفر حرمین شریفین تھا جو حج کا فریضہ ادا کرنے کے ساتھ اعلیٰ تعلیم کا حصول تھا۔ مخدوم محمد ہاشم نے یہ سفر 1135ھ / 1723ء کو 31 سال کی عمر میں کیا۔ اس سفر میں انھوں نے حج کی سعادت حاصل کرنے کے ساتھ ساتھ علمِ حدیث، تفسیر، قواعد، فقہ اور قراََت کی تعلیم حاصل کی۔ انگریز مستشرق، مہم جو، مترجم، ماہر لسانیات اور جاسوس رچرڈ فرانسس برٹن (1821ء / 1890ء) کے مطابق

انہوں (محمد ہاشم ٹھٹوی) نے ہندوستان اور عربستان کا سفر کیا۔ عربی، فارسی زبانیں اور فقہ کی تعلیم حاصل کی۔ کہتے ہیں کہ دورانِ سفر انہوں نے مسیحی پادریوں سے بہت سے مناظرے کیے اور ان کے مذہب پر بہت سے رسالے تحریر کیے۔

اس اقتباس سے ظاہر ہوتا ہے کہ مخدوم محمد ہاشم کے سفر خالصتاً علمی اور دینی تعلیم کے حصول کے لیے تھے۔[16]

سورت بندر

مخدوم محمد ہاشم حرمین شریفین کے سفر سے واپسی پر مرشد کی تلاش میں سورت بندر کا سفر اختیار کیا اور سید سعد اللہ شاہ قادری سورتی سلونی (متوفی 27 جمادی الاول 1138ھ / 3 مارچ 1726ء) کے پاس حاضر ہوئے، سلسلہ قادریہ میں بیعت ہوئے اور خلافت کا خرقہ حاصل کیا۔[17]

بھٹ شاہ

مخدوم محمد ہاشم نے بھٹ شاہ کے بہت سے سفر کیے اور شاہ عبد اللطیف بھٹائی سے ملاقاتیں کیں۔[17]

مٹیاری

مخدوم محمد ہاشم ٹھٹوی نے مٹیاری کا سفر بھی اختیار کیا اور سید رکن الدین متعلوی جو اپنے وقت کے کامل ولی اور نہایت سخی بزرگ تھے، ان مسجد میں نماز ادا کی جس کے مطلق یہ روایت مشہور ہے کہ جو اس مسجد میں نمازِ پنجگانہ ادا کرے گا اس کو قیامت کے دن شفاعت نصیب ہوگی۔[18]

کھڑا

شہر کھڑا، ریاست خیرپور میں واقع ایک چھوٹا شہر ہے۔ یہ شہر قدیم عرصے سے علمی مرکز رہا ہے۔ یہاں مخدوموں کا خاندان آباد ہے۔ اس خاندان کے نسب کا سلسلہ ت حضرت محمد صلی اللہ علیہ و آلہ و سلم کے چچا حضرت عباس بن عبد المطلب سے جا ملتا ہے۔ اس خاندان سے مخدوم اسد اللہ شاہ (متوفی 966ھ / 1559ءجلال الدین اکبر کے دور میں سندھ کے قاضی القضاۃ (چیف جسٹس) مقرر ہوئے تھے۔ کلہوڑا دور میں اس خاندان کے مخدوم عبد الرحمان شہید کُھڑائی ایک مشہور بزرگ و عالم گذرے ہیں، مخدوم محمد ہاشم اس بزرگ کے ہم عصر اور گہرے دوست تھے۔ روایت ہے کہ مخدوم محمد ہاشم نے شہر کھڑا کا سفر بھی کیا اور مخدوم عبد الرحمان شہید سے ملاقات کی۔[19]

سیہون

مخدوم محمد ہاشم کا آبائی وطن سیہون تھاجس کی وجہ سے ان کا آنا جانا رہتا تھا۔ وہ لعل شہباز قلندر کی مزار پر بھی آئے، اس دور میں نماز کے وقت بھی دھمال جاری رہتا تھا۔ مخدوم محمد ہاشم کی کوششوں سے نماز کے اوقات میں دھمال پر پابندی لگی، یہ پابندی ابھی تک تک جاری ہے۔[20]

ہم عصر علمائے کرام

مخدوم محمد ہاشم کے عہد میں جن علمی شخصیات اور علمائے کرام نے اپنے وقت میں تاریخ کے صفحات پر اپنے اپنے علمی نشانات ثبت کر گئے، ان میں چند کے نام ذیل میں ہیں[21] :

سلسلہ طریقت

مخدوم محمد ہاشم نے حصولِ علم کے بعد روحانی تعلیم و تربیت اور اکتساب فیض کے لیے مرشدِ کامل کی تلاش شروع کی، جس کے نتیجے میں اس زمانے کی مشہور روحانی شخصیت مخدوم ابو القاسم نقشبندی ٹھٹوی کی خدمت میں حاضر ہوئے اور مریدی میں قبول کرنے کی درخواست کی لیکن مخدوم ابو القاسم نقشبندی ٹھٹوی نے مخدوم ہاشم کو سلسلہ قادریہ کی معروف شخصیت سید سعد اللہ شاہ قادری سلونی سورتی (متوفی 27 جمادی الاول 1138ھ / 31 جنوری 1726ء) کی جانب رجوع کرنے کا حکم فرمایا، لہٰذا مخدوم محمد ہاشم ان کی خدمت میں حاضر ہوئے، وہاں 1123ھ سے 1124ھ تک قیام کیا، بعد ازاں سید سعد اللہ سلونی نے مخدوم محمد ہاشم کو سلسلہ قادریہ کا خرقہ پہناتے ہوئے اجازت و خلافت سے نوازا۔[22]

اولاد

مخدوم محمد ہاشم کو اللہ نے دو فرزند عطا کیے:

مخدوم عبد الرحمان ٹھٹوی

مخدوم عبد الرحمان ٹھٹوی مخدوم محمد ہاشم کے بڑے فرزند تھے۔ ان کی ولادت 16 شوال 1131ھ بمطابق 1 ستمبر، 1719ء میں ہوئی۔ والد کے مریدین بیرونِ سندھ کاٹھیاواڑ اور کچھ میں بھی پھیلے ہوئے تھے۔ اس لیے مخدوم عبد الرحمان سندھ سے باہر مریدوں کو ہدایت اور تلقین کرنے کے لیے جاتے رہتے تھے۔ ایک مرتبہ وہ مریدوں کے پاس کاٹھیاواڑ گئے ہوئے تھے، وہیں بروز ہفتہ 5 ربیع الاول 1181ھ بمطابق 1 اگست، 1767ء کو 51 سال کی عمر میں ان کا انتقال ہوا۔[23] میر علی شیر قانع ٹھٹوی کے مطابق انھوں نے جوناگڑھ میں وفات پائی۔[24]

مخدوم عبد اللطیف ٹھٹوی

مخدوم عبد اللطیف ٹھٹوی، مخدوم محمد ہاشم کے چھوٹے فرزند تھے۔ ان کی ولادت بروز پیر 14 شعبان 1144ھ بمطابق 11 فروری، 1732ء میں ہوئی۔ قرآن کے حافظ، حدیث اور فقہ کے جید علما میں شمار ہوتے تھے۔ انھوں نے والد کے کام کو سنبھالا اور ان کے جانشیں ہوئے۔ 1187ھ میں والیٔ سندھ میاں سرفراز کلہوڑا کے لشکر میں منصبِ قضا پر مامور ہوئے۔[25] وہ بروز منگل 17 ذوالقعدہ 1189ھ بمطابق 9 جنوری، 1776ء میں 45 سال کی عمر میں وفات پاگئے۔ مکلی ٹھٹہ میں اپنے والد کی مزار کے پاس مدفون ہوئے۔[26]

تصانیف

مخدوم محمد ہاشم ٹھٹوی عظیم عالم دین اور کثیر التصانیف مصنف تھے۔ انھوں نے ایک اندازے کے مطابق 300 کتب فقہ، اسماء الرجال، قواعد، تفسیر، قرآن، سیرت النبی، علم عروض، ارکان اسلام، حدیث اور بہت سے اسلامی موضوعات پر عربی، فارسی، سندھی زبانوں میں تصنیف و تالیف کیں۔[27] مخدوم محمد ہاشم کی تمام کتب کا احاطہ تو ممکن نہیں البتہ ان میں سے کچھ دستیاب کتب کی تفصیل دی جا رہی ہے:

سندھی

نمبر شمار کتاب کا نام موضوع صنف صفحات سن تحریر کاتب کا نام سن کتابت طبع جدید مختصر جائزہ
1 زادُ الفقیر فقہ نظم 53 رمضان 1125ھ شیخ عبد الرحمان بن شیخ عبد اللہ مجتبائی پریس لاہور / یکم رجب 1312ھ یہ کتاب شاعری میں ہے۔ اس کتاب میں رویت ہلال سے لے کر روزے کے تمام مسائل پر مختصر و جامع روشی ڈالی گئی ہے۔
2 قوت العاشقین سیرت النبی نظم 350 1127ھ سندھ مسلم ادبی پریس حیدرآباد / 1369ھ بمطابق 1950ء یہ کتاب شاعری میں ہے اور اس میں حضرت محمد صلی اللہ علیہ و آلہ و سلم کے 186معجزات کا تفصیل سے ذکر کیا گیا ہے۔ مخدوم محمد ہاشم کے ہاتھ کاتحریر کردہ ایک نسخہ رحیمیہ لائبریری بدین میں موجود ہے۔
3 راحت المؤمنین فقہ نظم 56 1130ھ مجتبائی پریس لاہور، 1312ھ
سندھی زبان کا با اختیار ادارہ حیدرآباد / 2009ء
یہ کتاب شاعری میں ہے اور اس میں ذبح و شکار کے مسائل پر سیر حاصل روشنی ڈالی گئی ہے۔ اس کتاب میں مصنف نے 25 کتابوں کے حوالاجات دیے ہیں۔
4 سایہ نامہ فقہ نظم 4 1133ھ ہری بالنگو بمبئی / 1289ھ یہ کتاب شاعری میں ہے اور نماز ظہر کے وقت کے لیے دوپہر کے سائے کے تعین کے بارے میں لکھی گئی ہے۔ مذکورہ کتاب مخدوم محمد ہاشم کی ایک کتاب مفتاح الصلوٰۃ (مطبع ہری بالنگو بمبئی) میں ضمیمے کے طور پر صفحہ 364 سے شامل ہے۔ اس کتاب کا ایک قلمی نسخہ قاسمیہ لائبریری کنڈیارو میں موجود ہے۔
5 بنا الاسلام عقائد نظم 264 5 ذوالحجہ 1143ھ عبد الکریم / 1312ھ
عبد الحسین وینجھر ٹھٹوی / 1375ھ کراچی
یہ کتاب بھی سندھی نظم میں ہے اور اس میں عقائد کے متعلق مسائل پر تحریر کی گئی ہے۔ یہ کتاب مخدوم ہاشم کی عربی تصنیف فرائض الاسلام کا نچوڑ ہے۔
6 تفسیرِ ہاشمی تفسیر نظم 504 17 شعبان 1162ھ مطبع کریمی بمبئی / 1330ھ
سندھی ادبی بورڈ / 1987ء
قرآن کریم کی منظوم سندھی تفسیر ہے جسے مولانا غلام مصطفٰی قاسمی نے مرتب کر کے سندھی ادبی بورڈ سے شائع کرایا ہے۔
7 تحفۃ التائبین فقہ نظم 11 نا معلوم نا معلوم یہ کتاب بھی نظم میں ہے اور اس میں سچی توبہ کرنے کے بارے میں لکھ گیا ہے۔ اس کتاب کا سندھ میں واحد قلمی نسخہ بشیر احمد ہیسبانی کے پاس موجود ہے۔
8 اصلاح مقدمۃ الصلواۃ فقہ نظم یہ کتاب مخدوم محمد ہاشم نے ٹھٹہ کے مشہور عالم میین ابو الحسن ٹھٹوی کی کتاب مقدمۃ الصلواۃ کے جواب میں تحریر کی۔ اس کا ایک قلمی نسخہ علامہ غلام مصطفٰی قاسمی کی لائبریری میں موجود ہے۔
9 تنبیہ ناموں فقہ نظم 7 مطبع مصطفائی لاہور / 1312ھ بمطابق 1894ء یہ کتاب شاعری میں ہے اور اس میں نماز پڑھنے کی تاکید اور بے نمازی کے عذاب، تنبیہ اور محرم اور عاشورہ میں ماتم اور تابوت بنانے کے حوالے سے تنبیہ درج ہے۔

عربی

نمبر شمار کتاب کا نام موضوع صنف صفحات سن تحریر کاتب کا نام سن کتابت طبع جدید مختصر جائزہ
1 مظھر الانوار فقہ نثر 210 1125ھ 9 ذوالحجہ 1243ھ یہ مخدوم محمد ہاشم کی اب تک معلوم ابتدائی عربی کتابوں میں سے ایک ہے۔ یہ کتاب روزے کے احکام اور مسائل پر تحریر کی گئی ہے۔ کتاب موضوع کے اعتبار سے جامع اور ضخیم ہے۔ اس کتاب کے قلمی نسخے درسگاہ چوٹیاری کے کتب خانہ، کتب خانہ درگاہ خیاری شریف تعلقہ سکرنڈ، ڈاکٹر غلام مصطفٰی قاسمی کے کتب خانے اور قاسمیہ لائبریری کنڈیارو میں موجود ہیں۔
2 وسیلۃ القبول في حضرت رسول نثر 49 اسد اللہ خواجہ 1300ھ یہ کتاب مولوی ڈاکٹر محمد ادریس سومرو نے مرتب کر کے شائع کی ہے۔ اس کتاب کا ایک نسخہ پروفیسر میر محمد سومرو کی محمدی لائبریری ہنگورجا میں موجود ہے۔
3 فاكھة البستان فقہ نثر 312 7 شعبان 1128ھ میاں عبد الرحمان بن محمد یعقوب یہ کتاب ذبح و شکار کے مسائل پر تحریر کردہ ہے۔ کتاب میں 300 کتب کے حوالے درج ہیں۔ کتاب کا اصل قلمی نسخہ کتب خانہ درگاہ خیاری شریف تعلقہ سکرنڈ میں موجود ہے، اس کے علاوہ کتب خانہ گڑھی یاسین، علامہ غلام مصطفٰی قاسمی لائبریری حیدرآباد، کتب خانہ پیر محب اللہ راشدی نیو سعید آباد ضلع مٹیاری، کتب خانہ سرہندی مٹیاری، انسٹی ٹیوٹ آف سندھالوجی جامشورو، کتب خانہ درگاہ چوٹیاری، سندھ یونیورسٹی لائبریری جامشورو اور سید محمد حسین شاہ سجاولی لائبریری میں بھی اس کتاب کے قلمی نسخے موجود ہیں۔
4 شد النطاق فيما يلحق من الطلاق فقہ نثر 16 6 جمادی الثانی، 1133ھ مطبع مصطفائی / ذوالقعدہ 1300ھ اس کتاب میں طلاق کے مسائل پر تحقیقی انداز میں روشنی ڈالی گئی ہے۔ کتاب میں 28 کتب کے حوالاجات دیے گئے ہیں۔
5 جنة النعيم في فضائل القرآن الكريم قرآن نثر 184 ربیع الاول1134ھ فقیر محمد نامعلوم اس کتاب میں قرآن مجید کی سورتوں اور آیات کی فضیلت، احادیث اور مختلف روایات کی روشنی میں بیان کی گئی ہے۔ کتاب کے قلمی نسخے کتب خانہ پیر جھنڈے والے، کتب خانہ گڑھی یاسین، کتب خانہ پیر محب اللہ راشدی اور بدیع الدین شاہ راشدی نیو سعید آباد ضلع مٹیاری، درگاہ مُلا کاتیار، درگاہ چوٹیاری، کتب خانہ مولوی معروف، کتب خانہ مفتی عبد اللطیف ٹھٹہ میں موجود ہیں۔ اس کتاب کاسندھی ترجمہ مولانا سلیم اللہ سومرو نے کیا اور اسے سندھی ادبی بورڈ نے 2011ء میں شائع کیا ہے۔
6 معيار النقاد في تميز المغشوش عن الجياد فقہ نثر 29 جمادی الاول، 1137ھ میاں رحمت اللہ نامعلوم اس رسالہ میں مخدوم صاحب نے دورانِ نماز ہاتھ مرد حضرات کے لیے دورانِ نماز ناف کے نیچے ہاتھ باندھنے کو ثابت کیا ہے۔ یہ رسالہ مخدوم محمد حیات سندھی مدنی کے حنفی مسلک کے خلاف لکھے گئے رسالے کے جواب میں لکھا گیا ہے۔ اس رسالہ کا سندھ میں واحد قلمی نسخہ پیر جھنڈے کے کتب خانہ نیو سعید آباد میں موجود ہے۔
7 كشف الرين عن مسئلة رفع اليدين فقہ نثر 53 15 جمادی الثانی، 1149ھ یہ کتاب مخدوم صاحب نے رفع الیدین کے رد میں تحریر کیا ہے۔ اس کتاب ایک قلمی نسخہ پیر چھنڈے کی لائبریری میں موجود ہے۔ اس کتاب کا اردو ترجمہ مولانا عبد العلیم ندوی نے کیا ہے جسے 12 صفر 1408ھ کو عبد اللہ پنہور نے نیو فیمس پرنٹنگ پریس حیدر آباد سے شائع کیا۔
8 تحفة القاري بجمع المقاري فقہ نثر 26 1150ھ محمد شفیع بن احمدی قریشی 9 ربیع الاول، 1383ھ اس رسالہ میں مخدوم صاحب نے تحقیق سے ثابت کیا ہے کہ فرض اور نفل نماز میں دونوں رکعتوں میں قرات برابر ہونی چاہیے۔ اس رسالہ کو عربی متن کے ساتھ مفتی محمد جان نعیمی نے مرتب کرکے 1421ھ / 2000ء میں شائع کیا اور اس رسالہ کا سندھی ترجمہ عربی متن کے ساتھ ڈاکٹر عبد القیوم سندھی کندھ کوٹ سے 2001ء میں شائع کیا۔
9 القول الانور في حكم لبس الاحمر فقہ نثر 23 16 ذوالحجہ، 1163ھ اس رسالہ میں مخدوم محمد ہاشم نے مرد حضرات کے لیے لال رنگ کے کپڑے پہننے کی شرعی حیثیت کے بارے میں روشنی ڈالی گئی ہے اور اسے احادیث کی روشنی میں مکروہ ثابت کیا ہے۔ اس کتاب میں مخدوم صاحب نے 100 سے زائد کتب کا حوالا دیا ہے۔ اس کتا ب ایک قلمی نسخہ کتب خانہ گڑھی یاسین میں موجود ہے۔
10 بذل القوة في حوادث سني النبوة سیرت النبی نثر 307 4 صفر 1168ھ سندھی ادبی بورڈ / 1386ھ بمطابق 1966ء یہ کتاب سیرت النبی پر مبنی ہے۔ عربی متن 1966ء میں مخدوم امیر احمد نے مرتب کر کے سندھی ادبی بورڈ سے شائع کرایا۔ اس کتاب کا سندھٰی ترجمہ ڈاکٹر عبد الرسول قادری نے کیا ہے۔ پروفیسر اسرار احمد علوی نے اس کتاب پر شرح لکھی ہے اور اسے مہران اکیڈمی شکارپور سے 2004ء میں شائع کرایا ہے۔
11 التحفة المرغوبة في افضلية الدعاء بعد المكتوبة فقہ نثر 19 19 صفر، 1168ھ (تحریر کی ابتدا) موسیٰ الالیائی نامعلوم مدرسہ مجددیہ نعیمیہ ملیر کراچی یہ کتاب دعا کی اہمیت، فضیلت، افضلیت کے متعلق اور فرض نماز کے مسنون اور افضل ہونے کے بارے میں ہے۔ اس کتاب کو مفتی شجاعت علی قادری نے عربی میں مرتب کر کے مدرسہ مجددیہ نعیمیہ ملیر کراچی سے شائع کیا۔ اس کے علاوہ اردو ترجمہ ڈاکٹر پروفیسر محمد اشرف سموں نے کیا اور اسے الراشد اکیڈمی کراچی نے شائع کیا۔
12 تنقيح الكلام في النھي عن قرأة الفاتحہ خلف الامام فقہ نثر 56 24 صفر، 1169ھ 10 رجب، 1169ھ نامعلوم اس کتاب میں فرض نماز میں امام کے پیچھے سورہ فاتحہ نہ پڑھنے کے بارے میں ہے۔ اس میں مخدوم محمد ہاشم نے چاروں فقہی ائمہ کرام کا اس مسئلے میں اصول بیان کیے ہیں۔ اس کتاب کے قلمی نسخے مدرسہ مجددیہ نعیمیہ ملیر کراچی، سندھالوجی لائبریری، کتب خانہ پیر جھندے والے مٹیاری میں موجود ہیں۔
13 فرائض الاسلام عقائد / فقہ نثر 128 8 رجب، 1171ھ (تحریر کی ابتدا) ہندو ریس دہلی /27 ذوالقعدہ 1312ھ بمطابق 1895ء، ہاشمی اکیڈمی حیدرآباد / 1378ھ بمطابق 1895ء یہ کتاب اسلامی عقائد اور فرائض پر تحریر کی گئی ہے۔ اس کتاب میں 1262 فرائض کا تفصیلی ذکر موجود ہے۔ اس کا سندھی ترجمہ 1181ھ مخدوم محمد ہاشم کے فرزند مخدوم عبد اللطیف ٹھٹوی نے کیا تھا جسے موجودہ صورتخطی میں محمد انس راجپر نے مرتب کیا اور اسے سندھی زبان کا با اختیار ادارہ، حیدر آباد نے 2009ء میں شائع کیا۔ اس کے علاوہ 1186ھ میں نامعلوم شخص نے فارسی اور مولانا عبد العلیم ندوی نے اردو میں ترجمہ کیا ہے جو شائع ہو چکا ہے۔ اس کتاب کا ایک قلمی نسخہ علامہ غلام مصطفٰی قاسمی کی ملکیت ہے۔
14 الوصية الھاشميہ وصیت نثر 10 1174ھ حاجی رجب ہالائی 3 جمادی الثانی، 1282ھ اس رسالہ میں مخدوم صاحب نے اپنے دونوں بیٹوں، شاگردوں، مریدوں اور معتقدوں کو وصیت تحریر کی ہے۔ اسلامی عقائد اور فرائض پر تحریر کی گئی ہے۔ اس رسالہ کا سندھی ترجمہ ڈاکٹر محمد اشرف سموں نے کیا ہے اور اسے الراشد اکیڈمی کراچی نے شائع کیا۔
15 بیاض ھاشمي یاداشتیں نثر 408 (اول) / 179 (دوم) 1174ھ عبد الرزاق بن ملا زکریا 10 رمضان 1186ھ دو جلدوں پر مشتمل یہ کتاب مخدوم صاحب کے ذاتی بیاض پر مشتمل ہے۔ مخدوم صاحب درس و تدریس، تصنیف و تالیف، تحقیق اور مطالعے کے دوران میں اہم، نایاب عبارات اور تحقیقی مسئلے سامنے آتے تھے، وہ انھیں نوٹ کرتے جاتے تھے۔ اس کتاب کے سندھ کی مختلف لائبریریوں میں بہت سے قلمی نسخے موجود ہیں۔
16 قصيدة يا سالكا قصیدہ نظم 22 مولوی حاجی لعل محمد 6 شعبان 1351ھ یہ عربی قصیدہ پر مشتمل رسالہ ہے۔ اس کا سندھی منظوم ترجمہ حضرت پیر غلام علی مجددی سرہندی نے کیا ہے جو ابھی تک تشنۂ اشاعت ہے۔ اس کا ایک قلمی نسخہ سرہندی لائبریری ٹنڈو سائینداد میں موجود ہے۔

فارسی

نمبر شمار کتاب کا نام موضوع صنف صفحات سن تحریر کاتب کا نام سن کتابت طبع جدید مختصر جائزہ
1 حياة الصائمين فقہ نثر 475 17 ذوالحجہ، 1133ھ مفتی محمد سعد اللہ انصاری 7 جمادی الثانی، 1336ھ مخدوم صاحب عربی کتاب مظھر الانوار کا فارسی ترجمہ ہے جو مخدوم صاحب نے خود کیا۔ اس کتاب میں روزے کے احکام اور مسائل کے بارے میں روشنی ڈالی گئی ہے۔ متن 475 صفحات، فہرست اور کاتب کا نوٹ 15 صفات، کل 490 صفحات ہیں۔ سندھ میں اس کتاب کے بہت سے نسخے موجود ہیں۔
2 فتح القوي في نسب النبي سیرت النبی نثر 155 14 ربیع الاول، 1133ھ غلام اصدیق الصدیقی السنی الحنفی 4 شوال، 1351ھ مطبع عثمانی کراچی / 1303ھ یہ کتاب حضرت محمد صلی اللہ علیہ و آلہ و سلم کے حسب نسب کے بارے میں محققانہ انداز میں تحریر کی گئی ہے۔
3 حيات القلوب في زيارة المحبوب فقہ نثر 350 27 رمضان، 1135ھ مطبع کریمی بمبئی، نومبر 1880ء یہ کتاب مناسق حج و عمرہ اور زیارت روضہ کے بارے معلومات پر مشتمل ہے۔ اس ضخیم کتاب میں مخدوم صاحب نے 181 کتابوں کا حوالہ دیا ہے۔
4 مدح نامہ سندہ تاریخ نظم 40 16 ربیع الاول، 1146ھ فقیر عبد اللہ 18 صفر، 1279ھ یہ کتاب سندھ کی شان، محبت، عظمت اور حب الوطنی کے بارے میں لکھی گئی ہے۔ اس کتاب کا ایک قلمی نسخہ سندھی ادبی بورڈ لائبریری جامشورو میں موجود ہے۔ اس کا سندھی ترجمہ مولانا محمد ادریس ڈاہری نے کیا اور اس ترجمے کو ادارہ خدمۃ القرآن و السنۃ شاہپور جہانیاں نے 1411ھ بمطابق 1991ء میں اور سندھی زبان کا با اختیار ادارہ حیدرآباد نے 2011ء میں شائع کیا۔
5 الباقيات الصالحات في ذكر الازواج الطاهرات ازواج مطہرات نثر 38 20 شوال 1147ھ (تحریر کی ابتدا) اس رسالہ میں ازواج مطہرات کے مختصر احوال بیان کیا گیا ہے۔ اس رسالے میں مخدوم صاحب نے 45 کتبکا حوالہ دیا ہے۔ اس رسالے کے قلمی نسخے دار العلوم منصورہ ہالا، سندھالوجی، کتب خانہ گڑھی یاسین، مدرسہ مجددیہ نعیمیہ ملیر اور کتب خانہ درگاہ چوٹیاری میں موجود ہیں۔
6 تحفة السالكين اليٰ جناب الامين فقہ نثر 11 14 شعبان، 1158ھ یہ رسالہ ایک مقدمہ اور تین ابواب ہر مشتمل ہے جس میں حج کی فرضیت، حج کی ادائیگی کا طریقہ، رسول اللہ صلی اللہ علیہ و آلہ و سلم کے روضے کی زیارت اور آداب کا بیان مختصراً درج ہے۔ اس کتاب کا ایک نسخہ ڈاکٹر نبی بخش خان بلوچ کے کتب خانہ میں موجود ہے۔
7 وسيلة الغريب اليٰ جناب الحبيب سیرت النبی نثر 29 29 شعبان، 1164ھ اس کتاب میں مخدوم صاحب نے اہلبیت کے فضائل قرآن و حدیث کی روشنی میں بیان کیے ہیں۔ اس کا اردو ترجمہ علامہ غلام مصطفٰی قاسمی نے، جبکہ سندھی ترجمہ محمد صالح کھوڑو نے کیا اور اسے روشنی پبلیکیشن کنڈیارو نے 2005ء میں شائع کیا۔
8 حديقة الصفا في اسما المصطفيٰ اسما النبی نثر 35 یہ کتاب اسما النبی پر مشتمل ہے اور اس کتاب میں میں مخدوم صاحب نے توریت، زبور اور انجیل کے حوالے سے اسما النبی کی تعداد 1185 بیان کی ہے۔ اس کتاب کا مخدوم صاحب کے اپنے ہاتھ کا تحریر کردہ اور مہر شدہ قلمی نسخہ انسٹی ٹیوٹ آف سندھالوجی جامشورو میں اور ایک قلمی نسخہ سرہندی لائبریری ٹنڈو سائینداد میں موجود ہے۔

علمی و فقہی خدمات پر تحقیقی مقالات

  • مخدوم محمد ہاشم ٹھٹوی: سوانح حیات اور علمی خدمتیں (پی ایچ ڈی مقالہ)، عبد الرسول قادری، نگراں: پروفیسر ڈاکٹر نبی بخش خان بلوچ، سندھ یونیورسٹی جامشورو

نمونۂ کلام

رباعی

اے عاشق صادق مھب خوش نامدر تعزیت حسین کن حزن تمام
با سوز دلت اشک ہمیں ریز زچشملیکن ندہی رازِ محبت بہ عوام

وفات

مخدوم محمد ہاشم ٹھٹوی بروز بدھ6 رجب، 1174ھ (بمطابق 11 فروری، 1761ء) کو ٹھٹہ، سندھ میں اس جہانِ فانی سے کوچ کر گئے۔ وہ ٹھٹہ کے مشہور مکلی قبرستان میں آسودۂ خاک ہیں۔[4][24][28][29]

حوالہ جات

  1. محمد اسحاق بھٹی، فقہائے ہند (جلد 5) بارہویں صدی ہجری، دار انوادر لاہور، 2013ء، ص 932
  2. ابوالخیر محمد زبیر، سندھ کے صوفیائے نقشبند (جلد 1)، مطبوعہ لاہور، 2007ء، صفحہ 138
  3. ڈاکٹر عبد الرسول قادری، مخدوم محمد ہاشم ٹھٹوی:سوانح حیات اور علمی خدمتیں (سندھی)، سندھی ادبی بورڈ جامشورو، 2006ء، ص 57
  4. ^ ا ب "شیخ الاسلام مخدوم محمد ہاشم ٹھٹوی، ضیائے طیبہ ڈاٹ کام"۔ 25 ستمبر 2020 میں اصل سے آرکائیو شدہ۔ اخذ شدہ بتاریخ 11 ستمبر 2016 
  5. مخدوم محمد ہاشم ٹھٹوی، مدح نامہ سندھ (سندھی ترجمہ)، مترجم: مولانا محمد ادریس ڈاہری، سندھی زبان کا با اختیار ادارہ، حیدرآباد سندھ، 2011ء، ص 17
  6. ^ ا ب مخدوم محمد ہاشم ٹھٹوی، توہینِ رسول اور اسلامی قوانین (اردو ترجمہ)، ترجمہ و حواشی: مفتی ابو محمد اعجاز احمد، جمعیت اشاعت اہلسنت کراچی، 2016ء، ص 17
  7. مخدوم محمد ہاشم ٹھٹوی:سوانح حیات اور علمی خدمتیں (سندھی)، ص 55-56
  8. مخدوم محمد ہاشم ٹھٹوی:سوانح حیات اور علمی خدمتیں (سندھی)، ص 59-60
  9. مخدوم محمد ہاشم ٹھٹوی:سوانح حیات اور علمی خدمتیں (سندھی)، ص 64
  10. مدح نامہ سندھ (سندھی ترجمہ)، ص 19
  11. مخدوم محمد ہاشم ٹھٹوی:سوانح حیات اور علمی خدمتیں (سندھی)، ص 74-75
  12. مخدوم محمد ہاشم ٹھٹوی:سوانح حیات اور علمی خدمتیں (سندھی)، ص 75-76
  13. مخدوم محمد ہاشم ٹھٹوی:سوانح حیات اور علمی خدمتیں (سندھی)، ص 76
  14. مخدوم محمد ہاشم ٹھٹوی، شاندار تحفہ، اردو ترجمہ: ڈاکٹر محمد اشرف سموں، الراشد اکیڈمی کراچی، ص 12
  15. مخدوم محمد ہاشم ٹھٹوی:سوانح حیات اور علمی خدمتیں (سندھی)، ص 97
  16. مخدوم محمد ہاشم ٹھٹوی:سوانح حیات اور علمی خدمتیں (سندھی)، ص 97-100
  17. ^ ا ب مخدوم محمد ہاشم ٹھٹوی:سوانح حیات اور علمی خدمتیں (سندھی)، ص 101
  18. مخدوم محمد ہاشم ٹھٹوی:سوانح حیات اور علمی خدمتیں (سندھی)، ص 104-105
  19. مخدوم محمد ہاشم ٹھٹوی:سوانح حیات اور علمی خدمتیں (سندھی)، ص 105-106
  20. مخدوم محمد ہاشم ٹھٹوی:سوانح حیات اور علمی خدمتیں (سندھی)، ص 108
  21. توہینِ رسول اور اسلامی قوانین (اردو ترجمہ)، ص 22-23
  22. توہینِ رسول اور اسلامی قوانین (اردو ترجمہ)، ص 20-21
  23. مخدوم محمد ہاشم ٹھٹوی:سوانح حیات اور علمی خدمتیں (سندھی)، ص 157
  24. ^ ا ب میر علی شیر قانع ٹھٹوی، تحفۃ الکرام (اردو ترجمہ)، سندھی ادبی بورڈ جامشورو، 2006ء، ص 696
  25. تحفۃ الکرام (اردو ترجمہ)، ص 697
  26. مخدوم محمد ہاشم ٹھٹوی:سوانح حیات اور علمی خدمتیں (سندھی)، ص 158-159
  27. مخدوم محمد ہاشم ٹھٹوی:سوانح حیات اور علمی خدمتیں (سندھی)، ص 211
  28. مخدوم محمد ہاشم ٹھٹوی:سوانح حیات اور علمی خدمتیں (سندھی)، ص 59
  29. توہینِ رسول اور اسلامی قوانین (اردو ترجمہ)، ص 31

بیرونی روابط